Friday, August 29, 2014

طاہرالقادری نے عمران خان کی اپیل پر حتمی فیصلہ مؤخر کردیا

سلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے تحریک انصاف کی اپیل پر اپنی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے حتمی فیصلہ موخر کردیا ہے جبکہ ان کا کہنا ہے کہ ہماری منزلیں اور مقاصد ایک ہیں اس لیے فتح کے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔
تحریک انصاف کے وفد نے شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں ڈاکٹر طاہرالقادری سے ان کے کنٹینر میں ملاقات کی جس میں موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ تحریک انصاف کے وفد نے طاہرالقادری کو عمران خان کا پیغام بھی پہنچایا۔ اس موقع پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے اپنی جدوجہد کو ہر حال میں کامیاب کرنا ہے اور اسے کسی قیمت بھی بے نتیجہ کرکے نہیں جانا اب اس بات میں کوئی ابہام نہیں ہے کہ فتح ہماری ہی ہوگی۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنان سیاسی اعتبار سے بھائی ہیں اور ان کی منزل و مقاصد ایک ہیں، ہم جبر ،ظلم وتشدد،کرپشن اور غریبوں کی تذلیل پر مبنی نظام کو جمہوریت نہیں مانتے، ہمیں جابر حکمرانوں کا تختہ الٹ کر جانا ہے لیکن دشمن چاہتے ہیں کہ دونوں جماعتوں کی حکمت عملی الگ الگ بنے تاکہ ان سے الگ طرح سے بات کرکے وہ اپنے ناپاک عزائم کامیاب بنائیں جبکہ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ہم جو بھی فیصلہ اور اقدام کریں وہ ساتھ مل کر کریں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کوئی طاقت، ڈرا دھمکا یا دبا نہیں سکتی ہم نہ ہی جھکیں گے اور نہ ہی بکیں گے، ممکن ہے کہ جو جدوجہد ہم 15 دن سے کررہے ہیں اس کا نتیجہ 16 ویں دن نکل آئے جبکہ اگر ہم آج ہی اپنا فیصلہ کرلیں تو کہیں ایک دن کی جلد بازی میں ہم نیتجہ حاصل کیے بغیر نہ رہ جائیں، ہم نے عوام کو جواب دینا ہے،اپنے ضمیر کو بھی مطمئن کرنا ہے اور اس نظام کو ختم کرکے ہی رہنا ہے۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا ایک ہے اس سے کسی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹ سکتے، عوام کو تمام اختیارات سونپنے والا تھا اور عوام جو فیصلہ کرتے اس پر ہر صورت عمل ہوتا، اس سے پہلے حکومت نے ہار نہیں مانی تھی لیکن اب حکومت دل ودماغ سے اپنی شکست تسلیم کرچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  ہوسکتا ہے کہ آج شام تک کوئی اچھی خبر مل جائے، عوام وزیراعظم کے سرپر سوار ہوچکے ہیں ممکن ہے کہ عوامی دباؤ پر وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں،کارکنان نے جہاں اتنا صبر کیا وہ تھوڑا اور صبر کرلیں ہر صورت ہماری فتح ہوگی اور ممکن ہے کہ جلد ہی فتح کا سورج طلوع ہوجائے۔ ڈاکٹرطاہرالقادری نے عوامی تحریک کے کارکنان سےکراچی اور دیگر شہروں میں شروع ہونے والے احتجاج میں بھرپور شرکت کی بھی اپیل کی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ حکومت نے جو یوٹرن لیا ہے وہ اخلاقی شکست کھا چکی ہے، حکومتی وفد سے یوٹرن پر وضاحت طلب کی جس پر وہ کوئی جواب نہ دے سکے، ہم پہلے دن سے ہی معاملات کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن انہوں نے ہر دن اس کو مزید الجھانے کی کوشش کی، ہم نے اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان میں بہتر نظام کےلیے مارچ کیے ہیں جہاں عوام نے اتنا صبر کیا تھوڑا صبر اور کرلیں کیونکہ ہماری منزل اب واضح ہے کہ نوازشریف کو جانا ہی ہوگا اس کے علاوہ اب کوئی چارہ نہیں ہے۔




No comments:

Post a Comment