Sunday, November 30, 2014

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے قافلے پرانڈوں اور ٹماٹروں سے حملہ

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد جلسے میں شرکت کے لئے جانے والے قافلے پر انڈوں اور ٹماٹروں
سے حملہ کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا قافلہ اسلام آباد جلسے میں شرکت کے لئے جارہا تھا کہ گوجرانوالہ میں انڈہ اور ٹماٹر برداروں نے اس پر حملہ کر دیا جب کہ قافلے پر جوتیاں بھی برسائی گئیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے انڈے برسانے والے شخص کو پکڑ کر اس کی پٹائی کی تاہم کچھ ہی دیر بعد نامعلوم افراد اپنے ساتھی کو چھڑا کر لے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو بھی گوجرانوالہ میں تحریک انصاف کے جلسے پر انڈے اور ٹماٹروں سے حملہ کرنے کی تیاریاں کرنے کے الزام میں 4 افراد کو حراست میں لیا تھا جنہیں مسلم لیگ (ن) کے کارکن رہا کروا کر لے گئے تھے۔ اس سے قبل 15 اگست کو بھی جب تحریک انصاف کا قافلہ عمران خان کی قیادت میں گوجرانوالہ پہنچا تو (ن) لیگ کے کارکنوں نے ان پر جوتیوں اور پتھروں سے حملہ کیا اور عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ بھی کی گئی۔

نوازشریف تب ہی گریں گے جب ہم گرائیں گے، آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے نوازشریف تب ہی گریں گے جب ہم ان
ہیں گرائیں گے جبکہ انہیں میرے عزیز ہم وطںوں والوں سے بہتر سمجھتا ہوں۔
لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری نےکہا کہ بھیڑیے نے اسلام آباد میں خیمے لگا رکھے ہیں اور  شہر کو آلودہ کر رکھا ہے، آج کی سیاست میں بہت بھولے بھٹکے بچے ہیں،عمران خان عالمی سیاست کو بھی نہیں سمجھتے جب کہ  ان کی سیاست امپائرکی انگلی کے زورپرچلتی نظرآتی ہے، ایسی صورتحال میں سیاستدانوں کو سنبھل کرچلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اس طرح نہیں کی جاتی، عمران خان اور ہماری سیاست میں بہت فرق ہے، ان کی چھوٹی اورہماری سوچ آگےکی ہے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ کپتان کو بولنگ کرانے دیں ہمیں کوئی جلدی نہیں، نوازشریف جائیں تو عمران خان کی پچ پر کیوں جائیں، وہ تب ہی گریں گے جب ہم انہیں گرائیں گے جبکہ  4 ماہ کے ٹی وی ڈرامے سے متاثر ہوکر جمہوریت کو گرانا نہیں چاہتے کیونکہ اگر  جمہوریت کی کشتی ڈوب گئی تو ’’میرے عزیز ہم وطنوں‘‘ کہنے والا آجائے گا اور نواز شریف کو عزیز ہم وطنوں سے بہتر سمجھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکنوں کی طاقت سے ہمیں کوئی نہیں ہٹا سکا جبکہ یہ پہلی بار نہیں کہ دیگر جماعتوں نے وزن اپنی طرف کرنے کی کوشش کی ہے، میرے دور حکومت میں بھی پنجاب کے دوستوں نے مجھے تنگ کیا۔

شارجہ ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو شکست دے دی

شارجہ: نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز  1-1 سے برابر
 کردی۔
شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ایک اننگز اور 80 رنز شکست دے دی ہے، پاکستانی کھلاڑی دوسری اننگز میں ریت کی دیوار ثابت ہوئے اور پوری ٹیم 259 رنز کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئی، پاکستان کی جانب سے اسد شفیق ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 148 گیندوں پر 137 رنز بنائے لیکن ان کے علاوہ اور کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور سرفراز احمد 34، محمد حفیظ 24، یاسر شاہ 10، شان مسعود 4، اظہر علی 6، مصباح الحق 12، محمد طلحہٰ 19 اور راحت علی 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ  یونس خان کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، دوسرے نمایاں بولر مارک کریگ تھے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کیا جبکہ ایش سوڈھی نے 2 اور ڈینئل ویٹوری نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نیوزی لینڈ کے مارک کریگ کو میچ میں بہترین کارکردگی پر مین آف دی میچ اور قومی ٹیم کے محمد حفیظ کو سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی سیریز سے نوازا گیا۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 690 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ چوتھے روز کھیل کا آغاز ہوا تو مارک کریگ 34 اور ایش سوڈھی صفر پر بیٹنگ کر رہے تھے، مارک کریگ 65 رنز بنا کر محمد حفیظ کا شکار بنے جب کہ ایش سوڈھی 22 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور محمد طلحہ نے 4،4 جب کہ محمد حفیظ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
واضح رہے کہ شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 351 رنز بنائے تھے جس میں محمد حفیظ کے شاندار 197 رنز شامل تھے جب کہ نیوزی لینڈ کی جانب سے مارک کریگ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 کھلاڑیوں کا شکار کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے پہلی اننگز میں کپتان برینڈن میک کولم نے شاندار ڈبل سنچری جب کہ کین ولیمسن نے 192 رنز بنائے۔

پیٹرول کی قیمت 9 روپے 66 پیسے کمی کے بعد84 روپے 53 پیسے فی لیٹر ہوگئی

اسلام آباد: اوگرا نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 9 روپے 66 پیسے کمی کے بعد 84 روپے 53 پیسے ہوگئی ہے۔
اوگرا نے وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کردی ہے جس کے بعد ہائی آکٹین کی قیمت 10 روپے 18 پیسے کمی کے بعد 106  روپے 27 پیسے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 7 روپے 12 پیسے کمی کےبعد 94 روپے 9 پیسے اور لائٹ اسپیڈ ڈیزل 5 روپے 39 پیسے کمی کے بعد 77 روپے 98 پیسے پر آگیا ہے جبکہ مٹی کا تیل 4 روپے 34 پیسے سستا ہوگیا ہے۔
حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں کے پیش نظر گزشتہ ماہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے فی لیٹر سے زائد کی کمی کی تھی جبکہ قیمتوں میں حالیہ کمی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 2008 کی سطح پر آگئی ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے حویلیاں میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی ہوگی جس سے نہ صرف عوام کو ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کو بھی قابو میں کیا جاسکے گا اور امید ہے کہ دھرنے والے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر اعتراض نہیں کریں گے۔

وزیراعظم آج کراچی ایکسپو سینٹرمیں دفاعی نمائش ’’آئیڈیاز 2014‘‘ کا افتتاح کریں گے

کراچی: آٹھویں دفاعی نمائش آئیڈیا 2014 آج سے ایکسپو سینٹر میں شروع ہورہی ہے جس کا افتتاح وزیراعظم نوازشریف کریں گے۔
چار روزہ بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیا میں جنگی سازوسامان کی نمائش کی جائے گی جب کہ جنگی ٹینک الخالد، جے ایف 17 تھنڈر،بکتر بند گاڑیاں اور میزائلوں سے لیس کشتیوں سمیت مقامی سطح پر تیار کی گئی دیگر دفاعی مصنوعات بھی نمائش کے لئے پیش کی جائیں گی۔
کراچی میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں پاکستان سے اہم دفاعی معاہدہ کرنے والا ملک روس بھی پہلی بار شرکت کرے گا جب کہ نمائش کے موقع پر غیر ملکی مندوبین، اہم سرکاری حکام اور نمائش کے شرکا کے درمیان کئی اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی ترتیب دی گئی ہیں، آئیڈیا 2014 کا اہم پہلو بین الاقوامی دفاعی سیمینار ہے جس کا انعقاد کل شام کو ہی ہوگا۔

عمران خان جتنی عمر کا بچہ گمراہ ہوجائے تو اس کیلئے دعا ہی کی جاسکتی ہے، سعدرفیق

اہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے  کہا ہے کہ پرویز مشرف کے چمچے عمران خان کو پلان بنا کردیتے ہیں جس کا پیسہ باہر سے آتا ہے جب کہ ان کا مقصد ملک میں انتشار پھیلانا ہے اوران کی عمر جتنا بچہ گمراہ ہوجائے تو اس کے لئے دعا ہی کی جاسکتی ہے۔
ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کا اعلان پاکستان کے دوست کا اعلان نہیں ہوسکتا ان کے الفاظ سے ایسا لگا کہ  کوئی ملک کا دشمن بات کررہا ہے جب کہ عمران خان شہر بند کرانے والے کون ہوتے ہیں یہ شہر شاداب و آداب رہیں گے، ان کے ناپاک عزائم کا مقابلہ عوام کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور90 لاکھ افراد کا شہر ہے اسے بند کرانا کوئی تماشہ نہیں ہے، عمران خان ایک طرف دھمکیاں دیتے ہیں اور پھرمذاکرات کا کہتے ہیں اس طرح کوئی ان سے مذاکرات کیسے کرسکتا ہے، ہم آج کے جلسے کے بعد ان سے بات کرنے کا ارادہ رکھتے تھے مگر آج پھر انہوں نے دھمکیاں دی ہیں مگر ہم اب ان دھمکیوں سے بھی نمٹ لیں گے۔
سعد رفیق نے کہا کہ شہر الٰہ دین کے چراغ سے نہیں بند نہیں ہوتے، سابق صدر پرویز مشرف کے چمچے عمران خان کو پلان بنا کر دیتے ہیں جس کا پیسہ باہر سے آتا ہے، عمران خان اپنا شوق پورا کرلیں ان سے 16 دسمبر کے بعد بات کریں گے جبکہ وہ پہاڑ پر چڑھے ہوئے ہیں زمین پر اتریں تب ہم ان سے بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ثابت کریں کہ میرے حلقے میں جعلی پیپر چھپے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا ورنہ انہیں سیاست چھوڑنا ہوگی، عمران خان جھوٹ بولنے کے عالمی چمپئن ہیں، جب ان کے مزاج درست اور طبیعت میں سکون آئے گا تب ہی ان سے بات کی جائے گی، اگر ان سے اس ماحول میں بات کی تو وہ مزید اوپر جاتے جائیں گے کیونکہ ان کا ارادہ مذاکرات کا نہیں ہے بلکہ ان کا مقصد صرف جمہوریت گرانا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی منتیں نہیں کرسکتے وہ گمراہ ہوچکے ہیں، اور جب اس عمر کا بچہ گمراہ ہوجائے تو اس کے لیے دعا ہی کی جاسکتی ہے، ان کا مقصد وزیراعظم بننا ہے بھلے ملک باقی نہ رہے مگر وہ وزیراعظم بننا چاہتے ہیں، اب کوئی شیخیاں مارنا چاہتے تو اس کا ہمارے پاس کوئی علاج نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی خواہش فیصلہ نہیں بن سکتی اگر ایسا کرنا ہے تو آئین وقانون کو آگ لگا دیتے ہیں، عمران کی تقریر سے آئین قوانین تبدیل نہیں ہوسکتے، قوانین کی تبدیلی کے لیے اسمبلی میں آنا پڑے گا مگر عمران خان بات کرنے کو تیار نہیں وہ اپنی مذاکراتی ٹیم کا بھی مذاق اڑاتے ہیں، وہ ایک غیر سنجیدہ انسان ہیں جو جلن اور حسد کا شکار ہیں اور اب لا علاج ہوتے جارہے ہیں۔
سعد رفیق کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے آپ کو سیاسی طور پر تباہ نہ کریں، ہم سیاست میں اپنا حریف چاہتے ہیں تاکہ اس کی تنقید پر ہم اپنی کارکردگی کو مزید بہتر کریں مگر اس طرح کا حریف کبھی نہیں سوچا تھا جسے اپنی اور دوسروں کی بھی عزت کا کوئی خیال نہ ہو، سراج الحق نے مذاکرات کی بار بار کوشش کی مگر عمران کا کوئی حال نہیں ہے وہ انوکھے لاڈلے ہیں اور ان کی عجیب سی ذہنی  کیفیت ہے اور وہ جس عارضے میں مبتلا ہیں اب ان کے لیے صرف دعا ہی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو جلسہ کرنا ہے تو شوق سے کرے مگر کسی نے بلوا کیا تو ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسے روکے، ہم نے عمران خان کو بلوے کی دعوت نہیں دی بلکہ انہوں نے پورے ملک میں جلسے کیے جس کو حکومت نے سہولت فراہم کی اس لیے وہ 4دسمبرکو 40 جلسے کریں ہم انہیں سہولت دیں گے لیکن اگر کسی پر حملہ ہوا تو لوگوں کی جان ومال کی حفاظت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

عمران خان نے ملک دشمن ایجنڈا بتا کراپنا اصل چہرہ عوام کو دکھا دیا، پرویزرشید

سلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعت پرویز رشید کا کہنا ہے عمران خان نے آج ملک دشمن ایجنڈا بتا دیا ہے جس کے بعد ان  کا اصل چہرہ عوام نے دیکھ لیا۔
وفاقی وزیر اطلاعت پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان نے آج اپنی ناکامی کا رونا رویا ہے اور وہ روتے رہیں گے لیکن ان کی باری کبھی نہیں آئی گی، اضافی بیلٹ کی بات صرف عمران خان جیسا بے وقوف آدمی ہی کرسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مجرم نہیں بلکہ وزارت عظمیٰ ڈھونڈھ رہے ہیں، انہوں نے خیبر پختونخوا میں جھونپڑی تک نہیں بنائی اس لئے ان کو چاہیے کو وہ وضاحتیں پیش نہ کریں بلکہ پروگرام پیش کریں، صوبے کے اسپتال حکومت کی نظر کرم کے منتظر ہیں اور وہاں کے لوگ روٹی اور عمران خان  کی جھلک کو ترس رہے ہیں۔
پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عالمی میڈیا نے2 سال پہلے پیشگوئی کی تھی کہ2015 میں پاکستان ناکام ریاست بن جائیگا اور اس کے تمام بڑے شہر بند ہوجایئں گے لیکن اگر عمران خان پاکستان کوڈبونے کے لیے سازش کاحصہ بنےتوسرپرکفن باندھ کرنکلیں گے، پاکستان کے بیٹے ہرشہرمیں عمران خان کامقابلہ کریں گے اور نہ صرف اس کے ایک ایک انچ کی حفاظت کریں گے بلکہ ایٹمی قوت کو للکارنے والوں کو مکمل جواب دیاجائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے16 دسمبر 1971 کی تاریخ دہرانےکااعلان کیاہے لیکن ہم پاکستان کےبیٹےہیں اور ہم نے پاکستان کےزخم دیکھے ہیں، اب عمران خان کے ساتھ مذاکرات نہیں کئے جاسکتے کیونکہ مذاکرات محب وطن پاکستانی سےہوں گے جبکہ ہم پاکستان کے دشمن کےگریبان میں ہاتھ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہاکہ انصاف فراہم کرنے کے لیےعدالتیں موجود ہیں اور تحریک انصاف پر بھی زور دیا ہے کہ وہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات پر ثبوت کے ساتھ عدالت سے رجوع کرے جب کہ عمران خان کو بھی ضمانت دینی چاہئے کہ وہ عدالتی کمیشن کی تحقیقاتی رپورٹ کو قبول کریں گے۔
سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اور عدالتوں نے بھی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحریک انصاف کی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے جبکہ عمران خان کا دھرنا آئین اور پارلیمنٹ کے خلاف ہے اور قوم کے ٹیکسوں کے لاکھوں روپے غیر قانونی دھرنے کی سیکیورٹی پر خرچ ہورہے ہیں، میڈیا پر اشتہارات کا مقصد عمران خان اور ان کے غیر قانونی دھرنے کو بےنقاب کرنا ہے اور انہیں پتا ہونا چاہئے کہ اشتہاری مہم کی ادائیگی حکومت نہیں کر رہی۔

عمران خان کا عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف 16 دسمبر کو پاکستان بند کرنے کا اعلان

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان  نے عام انتخابات 2013 میں دھاندلی کے خلاف احتجاجاً مرحلہ وار
شہروں کی بندش کے بعد 16 دسمبر کو پاکستان بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نےکہا کہ پہلے دن سے الیکشن میں دھاندلی کا کہا جبکہ اسپتال کے بستر پر بھی کہا کہ چار حلقے کھولے جائیں، پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی چار حلقوں کا مطالبہ کیا اورسابق چیف جسٹس سے امید لگائی لیکن مجھے نہیں پتا تھا کہ سب میچ فکسنگ میں ملوث ہیں، سب نے مل کر 2013 کے انتخابات میں پاکستان کا سب سے بڑا فراڈ کیا اور قانون کے تمام دروازے بند کرکے ہمارے لیے کوئی راستہ نہیں چھوڑا جس کے بعد اسلام آباد کے لیے نکلے۔
عمران خان نےکہا کہ ڈی چوک سے لوگوں کو پکڑپکڑ کر مارا گیا اور تھانوں میں بند کیا گیا،پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی سمیت ہم سب پر دہشت گردی کا مقدمہ بنایا گیا، نوازشریف اور آصف زرداری نے اربوں روپے چوری کیے انہیں ڈاکو نہ کہوں تو کیا کہوں، ان دونوں کی پارٹنر شپ کے بعد ملک تیزی سے نیچے آیا ہے، آج ملک میں 11کروڑ لوگوں کو دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں، 2 کروڑ سے زائد بچے اسکول نہیں جاتے لیکن نوازشریف اور آصف زرداری آج کہاں سے کہاں پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور آصف زرداری نے مل کر الیکشن کا میچ فکس کیا، نوازشریف سندھ میں اور آصف زرداری پنجاب میں دھاندلی کا کہتے ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان اور اسفند یار سمیت سب نے دھاندلی کا کہا لیکن دھاندلی کی تحقیقات کا صرف ہم ہی کہہ رہے ہیں ۔