Tuesday, June 24, 2014

پشاور: جہاز پر فائرنگ، خاتون جاں بحق، 2 ملازم زخمی

پشاور..... ریاض سے پشاور آنے والے پی آئی اے کے طیارے پر فائرنگ کی گئی جس سے ایک خاتون مسافر جاں بحق اور دو ملازم زخمی ہوگئے، طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا، واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی۔ ریاض سے پی آئی اے کی پرواز پی کے 756  ایک  سو اٹھتر مسافروں کو لے کر پشاور آر ہی تھی کہ لینڈنگ کے دوران طیارے پر نامعلوم سمت سے فائرنگ کی گئی۔ ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ طیارے پر فائرنگ بڈھ بیر کے علاقوں ماشوخیل اور سلمان خیل سے اُس وقت کی گئی جب طیارہ لینڈنگ کے لئے تقریبا تین سو فٹ کی بلندی پر تھا۔فائرنگ کے نتیجے میں خاتون مسافر اور دو اسٹیورڈ زخمی ہوئے جنھیں فوری طور پر سی ایم ایچ پشاور منتقل کیا گیا تاہم مسافر خاتون مقتنون بیگم زخموں کی تاب نہ لیتے ہوئے دم توڑ گئیں،، خاتون کی موت سر میں گولی لگنے کے باعث واقع ہوئی،، خاتون کا تعلق نوشہرہ سے تھا،، واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جس کے مطابق فائرنگ کے تین منٹ بعد طیارے کو بحفاظت اتار لیا گیا، واقعے میں انجن نمبر 2 اور طیارے کے سائیڈ سے گولیاں لگیں۔ ایس ایس پی آپریشن نجیب الرحمان کے مطابق طیارے پر دس سے بارہ گولیاں فائر کی گئیں، ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں دہشت گردی کا امکان رد نہیں کیا جاسکتا، واقعے کے بعد بڈھ بیر کے علاقےسلیمان خیل میں سرچ آپریشن کے دوران 100سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔آپریشن میں پولیس کے علاوہ پاک فوج کے جوانوں نے بھی حصہ لیا۔ گورنر خیبر پختونخوا سردارمہتاب اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔


No comments:

Post a Comment